ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں پریس ڈے:رپورٹنگ کے ذریعے مظلوموں کوانصاف دلانےرکن اسمبلی منکال وئیدیا کا زور

بھٹکل میں پریس ڈے:رپورٹنگ کے ذریعے مظلوموں کوانصاف دلانےرکن اسمبلی منکال وئیدیا کا زور

Sat, 02 Jul 2016 20:51:47    S.O. News Service

بھٹکل:2/ جولائی(ایس او نیوز( نامہ نگاروںرپورٹروں کی رپورٹنگ اتنی ذمہ دارانہ اور سماج کی عکاس ہونی چاہئے کہ اس کے ذریعےسماجی سطح پرنا انصافی کا شکارلوگوںاور مظلوموں کو انصاف مل سکے ان خیالات کااظہاربھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے کیا۔ وہ یہاں ضلع ورکنگ جرنالسٹ اسوسی ایشن اترکنڑا اور بھٹکل شاخ کے اشتراک سے  شری گرو سدھیندرا کالج آڈیٹوریم میں یوم صحافت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔

منکال وئیدیا نے بتایا کہ ہندوستانی جمہوریت میں صحافت کو چوتھا ستون قرار دیا گیا ہے لیکن آج میڈیا اتنا اہم رول ہوگیا ہے کہ صحافت اب چوتھے پائیدان سے نکل کر پہلے پائیدان پر پہنچ چکا ہے۔ آج اسمبلی ہو یا پارلیمنٹ ہر جگہ میڈیا میں آئی ہوئی رپورٹنگ پر ہی زیادہ بحث ہوتی ہے، میڈیا آج پنا ایک اہم مقام رکھتی ہے، سماجی مسائل سمیت مختلف فکروں کو خبروں کی روپ میں شائع کرکے عوامی رجحان کو بنانے میں میڈیا کا سب سے اہم رول ہے۔، مگر ایک اخبارنویس کو یہ سمجھ کر چلنا چاہئے کہ وہ ایک سب سے بڑی ذمہ داری کے مقام پر فائز ہے۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ اگررپورٹرس سماجی مسائل کی حقیقی تصویر کشی کرتے ہیں تو عوامی نمائندے اور حکومت بھی ان پر توجہ دے کراُسے حل کرنے میں تعاون کرتی ہے۔ منکال وئیدیا نے بتایا کہ اُن کے  حلقہ کے وہ مسائل جو اخبار کی زینت بنے ہیں انہیں ایمانداری کے ساتھ حل کرنے کی انہوں نے ہمیشہ کوشش کی ہے مثال پیش کرتے ہوئے انہوں نےبارش کے موسم میں جزیرہ نما کی شکل اختیار کرنےوالی  بہت ہی پچھڑی دیہات ہینجلے کا ذکر کیا، جس کے تعلق سے اخبار میں چھپی خبر کو دیکھنے کے بعد انہوں نے متعلقہ دیہات میں برج کی تعمیر کے لئے حکومت سے پانچ کروڑ روپئے منظور کروائے۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ اخبارنویس عوام کے درمیان ہوتے ہیں اس لئے انہیں ہر طرح کےمسائل کا شعور ہوتاہے۔ انہوں نے تمام رپورٹروں سے درخواست کی کہ وہ ایسے سنجیدہ سماجی مسائل کے متعلق میڈیا میں مضبوطی کے ساتھ اپنی آوازکریں۔ بھٹکل ورکنگ جرنالسٹ اسوسی ایشن کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اسوسی ایشن کے تمام ممبران مل جل کر یکجٹ ہوکر  آواز اُٹھاتے ہیں اور اپنی خدمات بہترین انداز میں انجام دے رہے ہیں،انہوں نے یوم صحافت کے موقع پرسبھی اخبارنویسوں کومبارکبادی پیش کی۔

خصوصی مقالہ نگار کی حیثیت سے میسور کالج کے پروفیسر ڈاکٹر نرنجن وانلی نے اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں نشری میڈیا کی بھرمار ہونے کے باوجود پرنٹ میڈیا پر اُس کا کوئی منفی اثر نہیں پڑا ہے۔ان کے مطابق  یہ دونوں میڈیا ایک دوسرے کے تعاون سے چلتے ہیں،انہوں نے کہا کہ  الکٹرانک میڈیا کی بھرمار سے سمجھا گیا تھا کہ پرنٹ میڈیا کی موت ہوجائے گی، مگر ایسا کچھ نہیں ہواور الیکٹرانک میڈیا کے آنے سے پرنٹ میڈیا کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ پروفیسر وانلی نے کہاکہ ہمارے ملک میں پرنٹ میڈیا کو کبھی موت نہیں آئے گی ،آگے بتایا کہ  ملکی میڈیا میں% 5.8 ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے رپورٹروں کے متعلق رائے ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ رپورٹرس کو چاہئے کہ وہ حقیقی اور واقعتاً جو ہوا ہے اسی کو پیش کرنے والے بنیں۔ اگر رپورٹرس عوام کے درمیان رہ کر کام کرتے ہیں اور ان کے مسائل کو پیش کرتے ہیں تو کسی طرح کا خوف کا ماحول نہیں ہوگا۔   یوم صحافت کے موقع پر گھر گھر اخبار پہنچانے والے معذورنوجوان روی نائک کی تہنیت کی گئی تھی، جس پر پروفیسر ڈاکٹر نرنجن نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسوسی ایشن کی ستائش کی۔ ضلع ورکنگ جرنالسٹ اسوسی ایشن کے صدر سبرائے بھٹ بکل نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسوسی ایشن کی طرف سے ہرسال ضلع کے کسی ایک تعلقہ میں یوم صحافت کا انعقاد کیا جاتاہے۔ بھٹکل اسوسی ایشن کی طرف سے بہترین اور منظم انداز میں پروگرام کاانعقاد کرنا قابل ستائش ہے۔ انہوں نے اگلے ماہ اگست میں سرسی میں ضلعی اجلاس منعقد ہونےکی جانکاری دی ۔

افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے اسوسی ایشن کے نائب صدر محمد رضامانوی نے کہاکہ بھٹکل کے پرامن اور بھائی چارگی کےماحول کو باقی رکھنے میں ہماری اسوسی ایشن کافی جدوجہد کرتی رہی ہے، اسوسی ایشن کے ممبران کی بڑی عوامی اور سماجی فکرمندی کا ہی نتیجہ ہے کہ کئی ایک سرکاری منصوبہ جات بھٹکل کے لئے منظور کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر کے شیام راؤ ایوارڈیافتہ رادھا کرشنا بھٹ، اجبیلی ایوارڈیافتہ شئیلجا گورنمنے سرسی اور ناگراج بھٹ سداپور نے بھی خطاب کیا۔ ڈائس پر نامدھاری ترقی سنگھ کے صدرڈی بی نائک ، ماہی گیر لیڈر وسنت کھاروی موجود تھے۔

پروگرام میں بھٹکل اسوسی ایشن کے صدر اور بزرگ صحافی رادھا کرشنا بھٹ کو کے شیام راؤ ایوارڈ سے نوازاگیا۔ جی ایس اجیبیل ایوارڈ اننت دیسائی جوئیڈا، شئیلجا گورنمنے سرسی ، ناگراج بھٹ سداپور، اورویل فرنانڈیز ہلیال ، کرشنا مورتی بھٹ ہوناور کو نوازاگیا۔ اسی موقع پرموظف کیپٹن اور سدھارتھ ایجوکیشن ٹرسٹ کے صدر کے آر نائک اور گھر گھر اخباروں کو پہنچانے والے منڈلی کے روی کرشنا نائک کی بھی تہنیت کی  گئی۔ تعلقہ کنڑا ساہتیہ پریشد کے صدر اور اگیانیشوری بی ایڈ کالج کے لکچرر گنگادھر نائک نےنظامت کے فرائض انجام دئیے۔ جنرل سکریٹری بھاسکر نائک نے شکریہ اداکیا۔ پروگرام میں ضلعی عہدیداران ، اخبارنویس ، مختلف تنظیموں اور اداروں کے نمائندے ، عوامی نمائندے، ذمہ دار اور اگیانیشور ی بی ایڈ کالج کے طلبا موجود تھے۔


Share: